رواں ہفتے ہنڈرڈ انڈیکس میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ

کراچی (پی ای آئی)پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کا نئی بلندیوں کی طرف سفر جاری ہے۔ رواں ہفتے ہنڈرڈ انڈیکس میں تاریخ کا سب سے بڑا سات اعشاریہ تین فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔
ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے حصص بازار کو تاریخ کی سب سے اونچی سطح پر پہنچا دیا۔ رواں ہفتے انڈیکس ساڑھے چار ہزار پوائنٹس اضافے کے بعد 66 ہزار 223 کی سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں 5 ارب سے زائد حصص کا لین دین ہوا، انویسٹرز نے 168 ارب روپے کی سرمایہ کاری پر دو ارب ڈالر کا غیر معمولی منافع کمایا۔ پاکستانی کرنسی میں منافع کا حجم 613 ارب روپے سے زائد رہا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 9 ہزار 500 ارب روپے پر پہنچ گئی۔
کرنسی مارکیٹ میں روپیہ مزید مضبوط ہوگیا۔ اس ہفتے انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ دس پیسے سستا ہو کر 283 روپے 87 پیسے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ 25 پیسے کمی کے بعد 284 روپے 75 پیسے میں فروخت ہوا۔
گولڈ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں غیر معمولی کمی آئی۔ ایک تولہ سونا 8000 روپے سستا ہو کر 2 لاکھ 15 ہزار 600 روپے پر آ گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں