راولپنڈی(پی این آئی)جی ایچ کیو حملہ سمیت 10 مقدمات میں شیخ رشید کی عبوری ضمانتوں میں توسیع ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، جہاں جج ملک اعجاز آصف کے روبرو پراسیکیوٹرز، تفتیشی ٹیمیں اور وکلائے صفائی پیش ہوئے۔ اس موقع پر شیخ رشید بھی عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے درخواست پر دلائل سننے کے بعد سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، ان کے بھتیجے شیخ راشد کی عبوری ضمانتوں میں 4 جنوری تک توسیع کردی۔
بعد ازاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ان مقدمات سے میرا کوئی تعلق نہیں ۔ میں 9 مئی کو یہاں موجود نہیں تھا۔ مجھے میڈیا سے بات کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ اداروں کا میں نے ہمیشہ احترام کیا ہے۔ زندہ رہا تو این اے 56 اور 57 سے قلم دوات پر الیکشن لڑوں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں