اسلام آباد(پی این آئی )ملک بھر سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز مزید 2 ہزار 473 افغان شہری اپنے وطن واپس لوٹ گئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی ہے، گزشتہ روز یعنی 7 دسمبر کو 2473 افغان باشندے وطن لوٹ گئے، جن میں 825 مرد، 523 خواتین اور 1125 بچے شامل تھے۔
گزشتہ روز افغانستان روانگی کے لیے 114 گاڑیوں میں 284 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 416,925 تک پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کررہے ہیں، ایسے غیر قانونی غیر ملکیوں کو باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جارہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں