تحریک انصاف کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا

کراچی (پی این آئی) جی ڈی اے نے تحریک انصاف کی اہم وکٹ اڑا دی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلی سندھ لیاقت جتوئی نے جی ڈی اے میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے جی ڈی اے میں شمولیت اختیارکر لی، لیاقت جتوئی کی جی ڈی اے میں شمولیت کے موقع پر صفدرعباسی، سید زین شاہ اور دیگر رہنما موجود تھے، فنکشنل مسلم لیگ سندھ کے صدر پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے لیاقت جتوئی کی جی ڈی اے شمولیت پر خیرمقدم کیا۔ پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں جی ڈی اے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، سندھ کے عوام کو احساس محرومیوں سے نکالیں گے، کرپٹ زرداری ٹولے کو شکست ہوگی۔ قبل ازیں پنجاب اسمبلی کے سابق ڈپٹی سپیکر واثق قیوم عباسی نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میرے سیاسی کیریئر کا مقصد عوام کی خدمت کرنا تھا لیکن اب ریاست اور اس کے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کا بوجھ اٹھانا ناقابل برداشت ہے، اس لیے سیاست اور تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔

میں ریاستی اداروں کے خلاف تمام پرتشدد کارروائیوں اور پی ٹی آئی کی طرف سے پوری قوم کو گمراہ کرنے والے بیانیے کی نفی کرتا ہوں، پاکستان زندہ باد! واضح رہے کہ واثق عباسی کی جانب سے پی ٹی آئی سے علیحدگی سے قبل تحریک انصاف کی جانب سے بیان جاری ہوا کہ سابق صوبائی وزیر ملک تیمور اور سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب صوبائی اسمبلی واثق قیوم عباسی کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے اور ان کا پتا نہیں چل سکا کہ وہ انہیں کہاں لے کر گئے، پی ٹی آئی رہنماؤں کی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ جاری ہے، انہیں حراست میں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ان کے خاندان اور ساتھیوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ وہ عمران خان اور ان کی سیاسی جماعت سے اپنی وابستگی ترک کرنے پر مجبور کریں۔ تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کا کہنا ہے کہ واثق قیوم سابق ڈپٹی سپیکر اور ملک تیمور سابق وزیر پنجاب کو اغوا کیا گیا اور وہ لاپتا ہیں، اس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

کیوں کہ یہ طرز عمل پاکستان میں کسی بھی قانون کی حکمرانی کے دعوؤں کی تردید کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اغواء کرنا اور پھر انہیں جبر کے ذریعے وفاداریاں تبدیل کرنے پر مجبور کرنا یا ‘اسٹیجڈ ٹی وی انٹرویوز’ میں پیش کرنا ایک جابر اور رجعت پسند حکومت کی خصوصیات ہیں، سب کو اس بات کا احساس ہونا چاہیئے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان پاکستانی عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں