بھارتی طیارے کو اچانک کراچی ائیرپورٹ پر اترنا پڑ گیا، وجہ سامنے آگئی

کراچی (اپی این آئی) بھارتی طیارے کی پاکستان میں ایمرجنسی لینڈنگ، بھارت سے دبئی جانے والی اسپائس جٹ کی پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ پڑنے پر طیارے کو کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈ کروایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھارت سے آنے والے ایک مسافر طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد سے اسپائس جٹ نامی ائیرلائن کی پرواز نے دبئی کیلئے اڑان بھری۔ دوران پرواز طیارے میں سوار ایک مسافر کو دل کا دورہ پڑا۔ مسافر کی طبیعت جب خراب ہوئی تو مسافر طیارہ اس وقت کراچی کی حدود میں تھا، اس موقع پر بھارتی ائیرلائن کے طیارے کے پائلٹ نے کراچی ائیرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔ کراچی ائیرپورٹ کے کنٹرول ٹاور تمام صورتحال میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طیارے کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دے دی۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی مسافر طیارے نے رات ساڑھے 9 بجے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی، جس کے بعد وہاں موجود ڈاکٹرز نے بھارتی مسافر طیارے میں موجود دل کا دورہ پڑنے والے مسافر کا مکمل طبی معائنہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں