اسلام آباد(پی این آئی) واٹس ایپ نے اگست میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے High-definition (ایچ ڈی) تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا تھا۔ اب یہ فیچر آئی فونز استعمال کرنے والے افراد کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے نئی واٹس ایپ اپ ڈیٹ میں اس فیچر کا اعلان کیا گیا۔ اس فیچر سے آئی فون صارفین اپنی تصاویر اور ویڈیو کو اوریجنل ریزولوشن میں اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ اس نئے فیچر تک رسائی کے لیے پہلے تو آپ کو واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ ایپ کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد جب آپ کسی چیٹ میں کوئی تصویر یا ویڈیو بھیجنے کے لیے اپ لوڈ کریں گے تو اوپر موجود امیج ایڈیٹنگ مینیو میں ایچ ڈی کا آپشن بھی نظر آئے گا۔ جب آپ ایچ ڈی بٹن پر کلک کریں گے تو ایک نئی پوپ اپ ونڈو نمودار ہوگی جہاں اسٹینڈرڈ اور ایچ ڈی کوالٹی کے آپشن نظر آئیں گے، جس میں سے ایچ ڈی پر کلک کریں۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ میں بائی ڈیفالٹ اسٹینڈرڈ کوالٹی کو سلیکٹ کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ایچ ڈی فوٹوز زیادہ واضح ہوتی ہیں جبکہ اسٹینڈرڈ فوٹوز اسٹوریج اسپیس کم استعمال کرتی ہیں جبکہ ان کو زیادہ تیزی سے بھیجنا ممکن ہے۔ جب کوئی صارف ایچ ڈی کوالٹی کو سلیکٹ کرکے تصویر بھیجے گا تو اس میں ایچ ڈی لیبل بھی بائیں کونے میں نیچے نظر آئے گا۔ اس فیچر کے تحت صارف 2 جی بی تک کی فوٹو یا ویڈیو فائل اپنے پیاروں سے شیئر کر سکے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں