فراڈ اور نوسربازی کا مقدمہ ، سابق معاون خصوصی شہزاد اکبر اشتہاری قرار

اسلام آباد(آئی این پی) سابق معاون خصوصی شہزاد اکبر کو عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق شہزاد اکبر کو تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمے میں اشتہاری قرار دیا گیا ہے، سول جج کی عدالت نے اشتہاری قرار دینے کا حکم نامہ جاری کردیا۔شہزاد اکبر کے خلاف فراڈ اور نوسربازی کا مقدمہ درج ہے۔اس سے قبل نیب نے 190 ملین پانڈز اسکینڈل ریفرنس میں نامزد ملزمان کے وارنٹ جاری کیے تھے جن میں شہزاد اکبر سمیت زلفی بخاری، ضیا المصطفی اور فرحت شہزادی شامل ہیں۔وارنٹ گرفتاری ڈی جی نیب راولپنڈی، آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب کو بھجوائے گئے۔

چیئرمین نیب نے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔قبل ازیں، نیب نے سربراہ پی ٹی آئی کے خلاف ریفرنس دائر کیا جس میں بشری بی بی، فرحت شہزادی، شہزاد اکبر اور زلفی بخاری کا نام بھی شامل ہے۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے تفتیشی افسر عمر ندیم کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا۔ احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں ریفرنس کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close