بلاول بھٹو اور آصف زرداری میں اختلافات کی خبروں پر پیپلزپارٹی کا اہم فیصلہ

کراچی (پی این آئی) پیپلز پارٹی میں اختلافات کے تاثر کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری یوم تاسیس پر ایک ساتھ کوئٹہ جائیں گے۔ پیپلز پارٹی میں اختلافات کی خبریں سامنے آنے کے بعد پارٹی تھنک ٹینک نے اس تاثر ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کل شام کوئٹہ جائیں گے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول اور آصف زرداری یوم تاسیس پر جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔ واضح رہے کہ آج سے چند روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری اور چئیرمین بلاول بھٹو نے دبئی میں فیملی کے ساتھ یادگار ”ری یونین“ گزارا۔ اس موقع پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے اہلِ خانہ کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی، جس میں فرال تالپور بھی موجود تھیں۔ تصویر میں بلاول بھٹو کو بہنیں بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو اور ان کی خالہ صنم بھٹو بھی موجود تھی۔

گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئیر صحافی حامد میر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ دبئی جانے کا مقصد فیملی گیدرنگ ہے، دبئی میں صنم بھٹو آرہی ہیں جن سے ملنے کے لیے وہ اور بلاول جارہے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ فیملی ری یونین ایسے وقت میں سامنے آیا تھا، جب بلاول اور زرداری کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ بختاور بھٹو نے تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا، ’سرخیوں پر یقین نہ کریں، ہمارے لیے صرف اور ہمیشہ پہلے فیملی ہے‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں