لاہور (پی این آئی) اب گھر بیٹھے گاڑی اور موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کرانا ممکن، محکمہ ایکسائز نے نئی ڈور سٹیپ سروس متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہری گھر بیٹھے ہیلپ لائن پر رابطہ کرے گا، نمائندہ گھر پہنچ جائے گا۔ شہری کی بائیو میٹرک اور چالان کی رقم بھی فوری آن لائن ادا کرنے کی سہولت ہو گی۔ چند منٹوں میں شہری گھر بیٹھے اپنی گاڑی اور موٹر سائیکل کا رجسٹرڈ نمبر حاصل کر لے گا۔ڈائریکٹر ایکسائز محمد آصف کے مطابق پہلے فیز میں بارہ موٹر سائیکلیں اور ایک گاڑی سروس کیلئے مختص ہو گی۔ ڈائریکٹر ایکسائز کے مطابق محکمہ ایکسائز نے نئی ڈور سٹیپ سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہری کے ہیلپ لائن پر رابطے کے بعد ایکسائز کا نمائندہ گھر پہنچے گا اور چوبیس گھنٹوں کے اندر رابطہ کر کے گاڑی کی رجسٹریشن یقینی بنائے گا۔ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے دس موٹر سائیکلز اور ایک وین بھی تیار کر لی، جس پر سوار ہو کر محکمہ ایکسائز کے افسران ڈور سٹیپ سروس صارفین کو فراہم کریں گے۔ ڈائریکٹر ایکسائز محمد آصف کا کہنا ہے کہ سروسز کے عوض پیسوں کی ادائیگی آن لائن ہو گی۔
محمد آصف نے بتایا کہ گاڑی یا موٹرسائیکل کے ٹرانسفر کیلئے پہلے ہی آن لائن نظام موجود ہے، جبکہ اب نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے ڈور سٹیپ سروس متعارف کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈور سٹیپ سروس صارفین کو بغیر کسی اضافی چارجز کے مہیا کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں