موٹرسائیکل کے شوقین افراد کیلئے ایک اور بُری خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کا مزید اضافہ۔

تفصیلات کے مطابق معروف آٹو کمپنی یاماہا نے موٹرسائیکلوں کے مختلف ماڈلز کی نظرثانی شدہ قیمتوں کا اعلان کر دیا۔ یاماہا کمپنی نے پاکستان میں فروخت کی جانے والی کئی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یاماہا کی جانب سے حال ہی میں وائے بی آر کا نیلے رنگ کا ماڈل متعارف کروایا گیا ہے، اس موٹرسائیکل کے نئے ماڈل کی قیمت میں 17 ہزار 500 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، یوں اس ماڈل کی نئی قیمت 4 لاکھ 52 ہزار 500 روپے مقرر کر دی گئی۔اس کے علاوہ وائے بی زی 125 کی قیمت 3 لاکھ 96 ہزار روپے،جبکہ وائے بی زی ڈی ایکس کی قیمت 4 لاکھ 23 ہزار روپے مقرر کر دی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پاکستانی روپے کی بے قدری کی وجہ سے ملک میں تمام ہی کمپنیوں کی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں ایسا ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی وجہ سے غریب کی سواری کہلانے والی موٹرسائیکل ناصرف غریبوں، بلکہ متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی دور ہو گئی۔

بتایا گیا ہے کہ چند سال پہلے تک جو موٹرسائیکلیں ہزاروں روپے میں دستیاب ہوتی تھیں، وہ اب لاکھوں روپے کی ہو گئی ہیں۔ ملک میں تمام ہی کمپنیوں کی موٹرسائیکلیں مہنگی ہونے کی وجہ سے موٹرسائیکلوں کی فروخت میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ملک میں موٹر سائیکل اور تھری ویلرز کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 10 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں موٹر سائیکلز اور تھری ویلرز کے 3لاکھ 70ہزار 966 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10 فیصد کم ہے۔اکتوبر کے دوران ملک میں 1 لاکھ 1 ہزار 976 یونٹس موٹرسائیکلیں اور تھری ویلرز کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 11 فیصد کم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں