مسلم لیگ (ن)نے پنجاب میں کتنی نشستوں کو ہدف بنا لیا؟ نواز شریف کا پارٹی میں الیکٹیبلز کو شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور ( پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ن نے الیکٹیبلز کو پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا اور نوازشریف نے پنجاب کی 141 میں سے 120 نشستوں کو ہدف بناتے ہوئے رانا ثنا اللہ کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے عام انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے الیکٹیبلز کیلئے اپنے دروازے کھول دئیے ہیں اور اپنے حلقوں میں جیت کے یقینی امکانات والے رہنماؤں کو پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ ن نے الیکٹیبلز کوپارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ سروے کے نتائج کی بنیاد پر کیا جن ست پتا چلا ہے کہ ن لیگ کو پنجاب کی قومی اسمبلی کی 141 جنرل نشستوں میں سے 90 کے قریب نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف چاہتے ہیں ان کی جماعت کو عام انتخابات میں پنجاب کی 141 میں سے کم از کم 120 نشستیں ملیں، اس مقصد کیلئے نوازشریف نے ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو اہم ٹاسک سونپ دیا ہے اور مسلم لیگ ن کے تمام ناراض ارکان کو بھی ہر صورت میں منانے کی ہدایت کردی۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے پانچ سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

جن میں سابق ایم این اے سردار منصب ڈوگر، فاروق رضا مانیکا اور جھنگ سے گدی نشین نظام الدین سیالوی، سابق ایم پی اے آصف عباس اور میاں ماجد نواز شامل ہیں، ملاقات میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ، شیخ فیاض الدین، عطااللہ تارڑ، رانا ارادت حسین اور احمد رضا مانیکا بھی موجود تھے، ملاقات میں آصف سعید منہیس، سعود مجید اورعظمی بخاری بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارک پیش کی، صدر ن لیگ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید، آپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، آپ کے آنے سے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا، مسلم لیگ (ن) ایک گھر کی طرح ہے جس میں سب کا احترام کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا، انتخابات میں عوام نے کامیاب کیا تو عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں