بشریٰ بی بی نے عمران خان کے اکائونٹ میں کتنی رقم جمع کروائی؟ عمران خان کی بنی گالہ رہائشگاہ کے سابق انچارج سید انعام اللہ شاہ کا گھڑی کی فروخت سے متعلق اہم انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) سابق انچارج بنی گالہ سید انعام اللہ شاہ نے ولی عہد محمد بن سلمان کے تحفے والی گھڑی بیچنے اور رقم بینک میں جمع کرانے سے متعلق بڑا انکشاف کردیا ہے۔

انہوں نےکہا کہ مجھے بیگم صاحبہ بشریٰ بی بی نے 30ملین کے قریب پیسے دیئے ، یعنی تین کروڑ کیش رقم دی اور کہا کہ یہ پیسے آپ عمران خان کے اکاؤنٹ میں جمع کروا دیں، کیونکہ عمران خان کے اکاؤنٹ میں کتنے پیسے ہوتے تھے وہ مجھے سارا پتا ہوتا تھا، انہوں نے کہا کہ یہ پیسے عمران خان کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیں، میں نے جا کے جمع کروا دیئے ، بعد میں مجھے پتا چلا کہ وہ پیسے محمد بن سلمان کے تحفے والی گھڑی بیچنے اور رقم بینک میں جمع کرانے کی تاریخ ایک ہی تھی۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے اور آئندہ دنوں ان کی گرفتاری کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ نیب بعض شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے، یہ شواہد مالی معاملات سے متعلق ہیں جن میں مبینہ طور پر بشریٰ بی بی کی جانب سے رقم وصول کیے جانے کی اطلاعات ہیں، اگر ان کی تصدیق ہوئی تو بشریٰ بی بی کی حیثیت گواہ سے ملزمہ کی ہوجائے گی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کو گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ اور برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سے 190 ملین پاؤنڈز کے معاملے میں بھی اپنی تحقیقات تیز کر دی ہیں، نیب کی جانب سے جلد ہی ان کیسز کی تحقیقات مکمل کرکے عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔ ادھر نیب نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا جس پر انہوں نے نیب کے دفتر میں پیش ہونے سے معذرت کرلی، بشریٰ بی بی نے اپنے وکیل نعیم پنجوتھا کے ذریعے نیب کو خط لکھا، جس میں انہوں نے نیب سے آئندہ ہفتے نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ چند وجوہات کے باعث نیب دفتر پیش نہیں ہوسکتی اس لیے نیب میں پیشی سے متعلق التوا کی درخواست ہے، نیب کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتی ہوں، نیب تحقیقات کی اہمیت کو سمجھتی ہوں لہٰذا پیشی آئندہ ہفتے مقرر کی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں