اسموگ کی بگڑتی صورتحال, لاہور سمیت مختلف اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگ گیا

لاہور(پی این آئی) اسموگ کی مسلسل بگڑتی صورت حال کے باعث لاہور سمیت مختلف اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبے میں اسموگ کی صورت حال مسلسل خراب ہو رہی ہے جس کی وجہ سے شہری بیمار ہونے لگے ہیں۔ایکسپریس کے مطابق نگراں صوبائی حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔

لاہور میں جمعرات کے روز ائر کوالٹی انڈیکس 450 اے سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے بعد شہر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کروانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکمے سرگرم ہیں۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں نے حکمت عملی بھی تشکیل دے دی ہے۔ لاہور اور اسموگ سے متاثرہ دیگر اضلاع میں جمعرات اور جمعہ کے روز جزوی طور پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے جب کہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل طور پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مرکزی علاقوں کی مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات کی انتہائی توجہ کے ساتھ نگرانی کی جائے گی۔ اس حوالے سے ضلعی انتطامیہ اور پولیس نے تاجر تنظیموں کو صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے اعتماد میں لے لیا ہے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو لاہور سے باہر آنے جانے والی ٹریفک بند ہوگی ۔ انسداد اسموگ لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جب کہ اسموگ لاک ڈاون کامیاب بنانے کے لیے پولیس شہر کے داخلی خارجی راستوں پر ناکا بندی کرے گی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ 4 دن بغیر کسی ہنگامی ضرورت کے اپنے گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close