پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر سے متعلق اہم حکم جاری

اسلام آباد (پی این آئی)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو وفاقی پولیس کے حوالے کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل لاک اپ میں رکھنے کا حکم دےدیا۔ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو مقامی عدالت میں پیش کیا، انہیں پولیس بکتر بند گاڑی میں عدالت لائی اور اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے شعیب شاہین، بیرسٹر گولی اور سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے اور تھانہ بنی گالا کے تفتیشی افسر بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور انہوں نے اس قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ جب تک خیبرپختونخوا پولیس نہیں آتی، جوڈیشل کردیاجائے، اسدقیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجا جائے۔

تفتیشی افسر کے مؤقف پر شعیب شاہین نے کہا کہ اسدقیصر کے وکلا کو بتایا جائے پولیس کیا چاہتی کیا ہے، اسد قیصر کو گرفتار کرنے کا اختیار اسلام آباد پولیس کو کس نے دیا؟ کل الیکشن کا اعلان ہوا اور اسد قیصر کو آج گرفتار کرلیا گیا۔ شعیب شاہین نے اسد قیصر کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ ہم حفاظتی ضمانت بھی دائر کررہے ہیں۔

عدالت نے اسد قیصر کی جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے انہیں اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا اور انہیں جوڈیشل لاک اپ میں رکھنے کا حکم دیا۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو جوڈیشل لاک اپ پر اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close