ملک میں عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی آگئی

کراچی (پی این آئی) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ساڑھے 6 سال بعد 53 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہو گئی۔کاروبار کے دوران سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔

 

 

 

سرمایہ کاروں کی جانب سے شئیرز کی خریداری کے باعث 100 انڈیکس 466 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند ہوا۔سٹاک مارکیٹ میں 466 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ گذشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں عام انتخابات کی تاریخ دینے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا۔پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس تقریباً 2 بج کر 8 منٹ پر 322 پوائنٹس یا 0.61 فیصد اضافے کے بعد 52 ہزار 664 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 52 ہزار 342 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ یہ پیش رفت الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 11 فروری کو کرانے کی یقین دہانی کے بعد سامنے ا?ئی، جس سے سیاسی استحکام کا عندیہ ملتا ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی شرح سود 22 فیصد برقرار رکھنے کے اعلان کے بعد مسلسل چار روز سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان جاری ہے۔ اس کے علاوہ اکتوبر میں مہنگائی 26.9 فیصد ریکارڈ کی گئی، تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ مستقبل قریب میں مہنگائی کم ہوگی۔

 

 

 

 

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو افسر محمد سہیل نے بتایا کہ ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی کی رفتار کم ہو کر 1.08 فیصد رہی، جو گزشتہ مہینے 2.4 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 400 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 52 ہزار کی حد عبور کر گیا تھا۔انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے سربراہ رضا جعفری نے کہا تھا کہ معیشت پر زیادہ توجہ، آگے بڑھنے کے لیے مالیاتی معاملات سے متعلق مثبت امکانات اور آئی ایم ایف جائزے کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کی امید مثبت رجحان کے معاون عوامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں