لاہور (پی این آئی) مسلسل دوسرے ہفتے ملک کے ڈالر ذخائر میں ٹھیک ٹھاک کمی، ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر ساڑھے 12 ارب ڈالرز کی سطح کے قریب آ گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر سے متعلق اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 7کروڑ 90لاکھ ڈالرکم ہوگئے، یوں ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر گھٹ کر 12 ارب57کروڑ66 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں معمولی اضافہ رہا اور مرکزی بینک کے ذخائر1کروڑ36لاکھ ڈالرز بڑھ کر 7 ارب 50کروڑ78 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ البتہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں نمایاں کمی دیکھی گئی اوریہ ذخائر9کروڑ 26 لاکھ ڈالر کمی سے 5 ارب 6 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ یہاں واضح رہے کہ اس سے پچھلے ہفتے کے دوران بھی ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 25کروڑ 70لاکھ ڈالر کی بڑی کمی ہوئی تھی۔ جبکہ دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں روپیہ دوبارہ سے ہر گزرتے دن کے ساتھ کمزور ہونے لگا ہے۔ جمعرات کو بھی ڈالر کی پرواز جاری رہی جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 283روپے اور اوپن ریٹ 284روپے سے تجاوز کرگئے۔
کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 78پیسے کے اضافے سے 283روپے 42پیسے کی سطح پر بند ہوئی، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 1روپے کے اضافے سے 284روپے 50پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں