یہ جلسہ عمران خان کا ہے، استحکام پاکستان پارٹی نے جلسے میں لوگوں کو لانے کیلئے کیا کہا؟ خواتین بول پڑیں

جہانیاں (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کے جلسے میں خواتین کو پیسے دے کر بلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

آئی پی پی کے جہانیاں جلسے میں شرکت کرنے والی ایک خاتون نے انکشاف کیا کہ باجی نوید ہمیں یہاں لے کر آئیں، ہمیں کہا گیا تھا کہ جلسے میں شرکت کرنے پر 700 روپے ملیں گے۔ اسی طرح ایک خاتون نے کہا کہ ہمیں یہ کہہ کر یہاں لے کر آئے ہیں کہ عمران خان کا جلسہ ہے، بریانی اور سب کچھ ہمارا اور آپ نے نعرے لگانے ہیں۔ اسی طرح دیگر خواتین نے بھی بتایا کہ انہیں کوئی خاتون یہاں لائی ہے، جس نے کہا ہے کہ جلسے میں شرکت کرنے پر پیسے ملیں گے۔ ایک خاتون نے کہا کہ ہمارا ووٹ تو عمران خان کا ہے، لیکن ہمیں یہ بھی نہیں پتہ کہ نعرہ کس کا لگانا ہے۔ ادھر استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ ، پیٹرن چیف جہانگیرترین نے کہا ہے کہ مخالف سیاسی جماعتیں ہماری دشمن نہیں، نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم کردینا ہے،محاذآرائی کی بجائے ملکر جہدوجہد کرنے پر یقین رکھتے ہیں،پی ٹی آئی میں نیا پاکستان بنانے کیلئے شامل ہوئے تھے، جب وزیراعظم کی کرسی بھرگئی تو ہماری جگہ نئے لوگ آگئے، جن کا ترقی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے خانیوال جہانیاں میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نیا پاکستان بنانے کی کوشش کی تھی، اس کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے،اس کو اب مکمل کریں گے، 10سال پہلے ہم اکٹھے ہوئے، معاشی پلان تیار تھا کہ ہم نے کس طرح ملک وقوم کے حالات کو بہتر بنانا ہے، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں بہتری لانی تھی، پاکستان کے ہرشعبے میں تبدیلی لے کر آنی تھی ، یہ ہمارا پلان تھا، افسوس ہمارا خواب ادھورا رہ گیا، 10سال ہم سب نے محنت کی، لیکن جب طاقت میں بیٹھ گئے ،وزیراعظم کی کرسی بھر گئی تو کام کرنے والے ہم سب لوگوں کو ہٹا دیا گیا، ہماری جگہ نئے لوگوں کو لایا گیا، جن کا ترقی کے پلان سے کوئی واسطہ نہیں تھا، ہماری سوچ ادھوری رہ گئی۔ آپ سوچتے ہوں کہ پی ٹی آئی والے آئی پی پی میں کیوں شامل ہورہے ہیں؟ہم پی ٹی آئی میں ملک میں بہتری لانے کیلئے شامل ہوئے تھے، لیکن پی ٹی آئی میں شامل لوگوں کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں تھا۔ ہم تمام لوگ جنہوں نے 10سال پہلے ترقی کا سفر شروع کیا تھا ہم ہار ماننے کو تیار نہیں ، غریبوں کا حال بہترکریں گے، لوگوں کو نوکریاں دیں گے، پاکستان کو روشن پاکستان بنائیں گے۔

اس وقت شخصیت ا ہم نہیں ہے، سب سے اہم عوام اور ملک ہے، عوام خوشحال ہوگی تو ملک خوشحال ہوگا،عوام نے فیصلہ کرنا کون سی جماعت ملک وقوم کی بہتری کیلئے بہتر ہے ، افسوس ہمارے جوان ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، ہم نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، جو باہر چلے گئے وہ بھی واپس آئیں گے، ہم نے زراعت میں بھی ترقی کرنی ہے، میں پوری زندگی زراعت کیلئے کام کیا ہے، بنجر علاقوں میں بھی باغات لگا دیئے، اب کسان اس قدر ترقی کریں گے وہ گھروں میں عزت کی روٹی کھائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں