غزہ کی صورتحال پر اسحاق ڈار متحرک ہو گئے، سینیٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی ) سینیٹراسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھ کر غزہ کی صورتحال پر سینیٹ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔قائد ایوان سینیٹراسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ پچھلے 10 دن سے فلسطین میں صورتحال انتہائی خراب ہے، ہزاروں شہری شہید ہو چکے ہیں۔

خط میں اسحاق ڈار نے لکھا کہ بڑی تعداد میں فلسطینی اسرائیلی بمباری سے شدید زخمی ہیں، اسرائیلی افواج کے غزہ کے محاصرے سے اشیا خور و نوش، تیل، بجلی اور پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر سینیٹ کا اجلاس فی الفور بلایا جائے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر منظور کاکڑ نے بھی سینیٹ اجلاس بلانے سے متعلق درخواست کی ہے۔سینیٹ اجلاس بلانے کے معاملہ پر پیپلزپارٹی سمیت دوسری سیاسی جماعتیں بھی بھی میدان میں آ گئیں، پیپلزپارٹی کے سینیٹر تاج حیدر نے سینیٹ اجلاس ریکوزیشن کیلئے درخواست جمع کرا دی، ایجنڈے میں فلسطین کی موجودہ صورتحال پر غور شامل ہے۔ایجنڈے کے مطابق غزہ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری، بیگناہ فلسطینیوں کی شہادت اور پاکستانی موقف زیر بحث لایا جائے۔ریکوزیشن پر پی پی، پی ٹی آئی، جے یو آئی ف اور نیشنل پارٹی کے سینیٹرز کے دستخط ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں