صارفین پر مزید بجلیاں گرانے کی تیاریاں، ایک اور بُری خبر آگئی

کراچی (پی این آئی) کراچی کیلئے ایک ہی سہ ماہی میں بجلی دوسری بار مہنگی کئے جانے کا امکا ن ہے، نیپرا دوسری بار بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر آج سماعت کرے گا۔

 

 

کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مزید 3 روپے 2 پیسے مہنگی کئے جانے کا امکان ہے، کے الیکٹرک کی ایک سہ ماہی میں دوسری بار بجلی مہنگی کرنے سے متعلق درخواست پر آج سماعت ہوگی۔ کے الیکٹرک نے اضافہ اپریل تا جون 2023 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا ہے، حکومت کی درخواست پر اسی سہ ماہی میں نیپرا کراچی کیلئے بجلی 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کرچکی ہے۔ نیپرا سماعت کے بعد اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گی، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد کے الیکٹرک صارفین پر اضافے کا اطلاق ہوگا۔ دوسری جانب واپڈا کے ترجمان کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں واپڈا پن بجلی گھروں نے نیشنل گرڈ کو 15 ارب 2 لاکھ یونٹ بجلی دی، پن بجلی کی یہ پیداوار گزشتہ سال کی نسبت 1 ارب 78 کروڑ 80 لاکھ یونٹ زیادہ ہے۔ ترجمان کے مطابق واپڈا پن بجلی کی اضافی پیداوار سے قومی خزانے کو تقریبا 50 ارب روپے کی بچت ہوئی، واپڈا کی پن بجلی پاکستان میں سستی ترین اور ماحول دوست بجلی ہے۔

 

 

 

انہوں نے کہا کہ واپڈا پن بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 3 روپے 51 پیسے فی یونٹ ہے، ملکی اقتصادیات میں واپڈا پن بجلی کا نہایت اہم کردار ہے۔ترجمان کے مطابق واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت تقریبا 9 ہزار 500 میگا واٹ ہے جبکہ واپڈا نیشنل گرڈ میں پن بجلی کی تناسب بڑھانے کے لیے متعدد منصوبے تعمیر کر رہا ہے جن میں دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو اور تربیلا پانچواں تو سیعی منصوبہ قابلِ ذکر ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ واپڈا کے زیرِ تعمیر منصوبوں کی 2029 تک مرحلہ وار تکمیل سے 10 ہزار میگا واٹ مزید پن بجلی حاصل ہو گی اور سستی پن بجلی کی موجودہ صلاحیت دو گنا ہو جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close