تمام اتحادی جماعتوں کے ممبران اسمبلی وزیرا عظم کے ساتھ کھڑے ہیں، ترجمان حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کو مضبوط و مستحکم قرار دے دیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) ترجمان آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر حکومت مضبوط و مستحکم ہے۔ حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ تمام اتحادی جماعتوں کے ممبران اسمبلی وزیرا عظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حکومت کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ ہماری حکومت کا مقصد عوام کی فلاح وبہبود اور گڈ گورننس کا قیام ہے۔آزادکشمیر کے میڈیکل کالجز کے خلاف بھی ایک منظم مہم کے تحت پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

حکومت کسی بھی میڈیکل کالج کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا۔ترجمان نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر بہترین انداز میں عوامی خدمت کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ حکومت کی کامیابی ہمارے سیاسی مخالفین کو ہضم نہیں ہور ہی جس کی وجہ سے وہ آئے روز حکومت کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو آزادکشمیر مسائلستان تھا جسے ٹھیک کرنے کے لیے ہم نے دن رات کام کیا۔ کابینہ یکجان ہو کر مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ آزادکشمیر کو بحرانوں سے نکال کر تعمیر وترقی کے راستے پر گامزن کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیاد ت میں آزادکشمیر حکومت عوام کی خدمت کے لیے مصروف عمل ہے۔ سازشی عناصر کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کوئی بھی سازش ہمیں اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔ عوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں