حماس، اسرائیل جنگ۔۔ امریکی نیوز چینل نے تین معروف مسلمان اینکرز کو معطل کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کے دوران امریکی نشریاتی ادارے نے 3 مسلمان اینکرز کو معطل کر دیا۔

 

 

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے ایم ایس این بی سی نے اسرائیل اور فلسطین کی جنگ کے دوران مسلمان اینکرز مہدی حسن، ایمن محی الدین اور علی ویلشی کو اسکرین سے ہٹا دیا۔

 

 

 

عرب نیوز کے مطابق ان اینکرز کے شوز کو معطل کرنے کا فیصلہ حماس کے اسرائیل پر حملے کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام نے عرب نیوز چینل الجزیرہ کو اسرائیل میں بند کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اسرائیل کے وزیر مواصلات نے الزام لگایا ہے کہ الجزیرہ حماس کی مدد کر رہا ہے اور اسرائیل کے خلاف رائے عامہ بھڑکا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الجزیرہ غیر محفوظ علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں کی فلم بندی کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 300 فلسطینی شہید اور 800 زخمی ہوگئے جس کے بعد اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 329 ہوگئی۔ صحافیوں کے تحفظ کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ نے اسرائیل فلسطین جنگ میں کم ازکم بارہ صحافیوں کے مارے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں