پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں شمولیت کرنے والے سردار جمیل اختر کی چوہدری لطیف اکبر سے ملاقات

اسلام آباد (پی این آئی) قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر سے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر سردار عنائت اللہ عارف اور سردار جمیل اختر نے کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ چوہدری لطیف اکبر نے سردار جمیل اختر کو پی ٹی آئی آزادکشمیر چھوڑ کر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں ساتھیوں کے ہمراہ شامل ہونے پر مبارک باد دی اور توقع کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے حلقہ بلوچ سدھنوتی بالخصوص اور آزاد کشمیر میں نوجوانوں کے اندر بالعموم تقویت ملی ہے۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ بلوچ کی طرح آزاد کشمیر بھر میں عوام جوق در جوق پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں جس سے کارکنوں میں ایک جوش وجذبہ دیدنی ہے۔ سردار جمیل اختر نے چوہدری لطیف اکبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ریاست کی سیاست میں اہم مقام رکھتی ہے اور بلا شبہ پیپلز پارٹی کی قیادت باصلاحیت اور سیاسی شعور کی حامل ہے۔ مجھے اور میرے ساتھیوں کو فخر ہے کہ ہم شہیدوں کی پارٹی میں واپس اپنے گھر آئے ہیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ازادکشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید عزادار حسین نے بھی سردار جمیل اختر کو پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں