عدالت کا پنجاب بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو بڑا جرمانہ کرنے کا حکم

لاہور (پی این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں موٹرسائیکل پر ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ کے حوالے سے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر تحریری حکمنامہ جاری کیا۔عدالت نے تحریری حکمنامے میں پنجاب بھر میں موٹر سائیکل پر ہیلمٹ نہ استعمال کرنے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کرنے کے احکامات جاری کیے،

گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کو 5ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم دیا، عدالت نے ڈولفن پولیس کو مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کردیں۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ گرین بیلٹس پر پارکنگ کرنے والے افراد کو 5ہزار روپے جرمانہ کیا جائے، شہر میں مزید میاواکی جنگل لگائے جائیں، ایل ڈی اے شہر میں آئندہ کوئی پراجیکٹ عدالت کی اجازت کے بغیر شروع نہیں کرے گا، ایل ڈی اے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی محکمہ ماحولیات سے ہدایات لے گا۔

عدالت عالیہ کے تحریری حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف متعلقہ افسران کارروائیاں کریں، بھٹوں کے خلاف کارروائیاں نہ کرنے والے افسران کے خلاف کریمنل کارروائی کی جائے، پرانے درختوں کو محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایل ڈی اے آئندہ کوئی پراجیکٹ عدالت کی اجازت کے بغیر شروع نہیں کرے گا۔ ایل ڈی اے ترقیاتی منصوبوں کے لیے محکمہ ماحولیات سے بھی ہدایات لے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں