عمران خان کے دیرینہ ساتھی کو بھی نگران وفاقی کابینہ میں شامل کر لیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے دیرینہ ساتھی اور پی ٹی آئی کو خطیر رقوم چندے میں دینے والے امریکی نژاد پاکستانی محمد طاہر جاوید کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑکی کابینہ میں شامل کر لیا گیا۔

نگران کابینہ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری مقرر ہونے والے محمد طاہر جاوید سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ امریکہ میں عمران خان اور پی ٹی آئی کے لیے کیمپین بھی کرتے رہے ہیں۔محمد طاہر جاوید ٹیکسس میں مقیم کاروباری شخص ہیں۔ وہ رائس لینڈ ہیلتھ کیئر کے نام سے ایک ہیلتھ کمپنی کے مالک ہیں۔اب محمد طاہر جاوید عمران خان کے سخت ناقد بن چکے ہیں۔ اب ان کا موقف ہے کہ ”عمران خان بطور وزیراعظم کلی طور پر نااہل شخص ثابت ہوئے۔ اب ان کی حیثیت کرکٹ سے شہرت حاصل کرنے والے ایک سلیبریٹی سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ “اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے عمران خان کو ناقابل بھروسہ شخص قرار دیا۔ انہوں نے عمران خان کے بطور وزیراعظم نومبر 2019ءکے دورہ امریکہ کو بے کار اور پاکستان کا زیاں قرار دیا۔

واضح رہے کہ اپنے اس دورے کے دوران عمران خان نے بہترین کیمپین کرنے پر طاہر جاوید کی کافی تعریف کی تھی۔ طاہر جاوید امریکہ کی ڈیموکریٹ پارٹی کے مرکزی رہنماءبھی رہ چکے ہیں۔انہیں بطور معاون خصوصی وہ تمام مراعات حاصل ہوں گی جو وزرائے مملکت کو حاصل ہوتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں