عمران خان کا شکوہ ، جج نے اہم ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد(پی این آئی) سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل کا سیل اٹک جیل کی نسبت چھوٹا ہونے کا شکوہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو عدالت سے متصل جالیوں والے کمرے میں لایا گیا، جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے حکم پر چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمودقریشی کو کمرہ عدالت میں بٹھایا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی ساتھ ساتھ کرسیوں پر کمرہ عدالت میں بیٹھے۔

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کو سیل سے متعلق بتایا اور کہا کہ میرے ساتھ مجرموں کی طرح سلوک کیا جا رہا ہے، کمرے میں چہل قدمی بھی ممکن نہیں۔ ذرائع کے مطابق جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کا دورہ بھی کیا اور سپرینٹنڈنٹ جیل کو سیل میں توسیع کرنے کی ہدایت کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل میں قائم دیوار توڑ دی جائے، دیوار ٹوٹنے سے چیئرمین پی ٹی آئی کا سیل تقریباً 30 فٹ سے 50 فٹ تک کا ہو جائے گا۔

سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ سیکریٹ عدالت کے جج ابوالحسنات کی ہدایت پر جلد از جلد سیل میں قائم دیوار توڑ کر سیل کو بڑا کر دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں