چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کیساتھ اتحاد کا عندیہ دیدیا مگر کس شرط پر؟

جیکب آباد(پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب تک پی ٹی آئی میں 9مئی واقعات میں ملوث مائنس نہیں ہوتے اتحاد نہیں ہوسکتا، اگر 9 مئی میں ملوث مائنس ہوجاتے ہیں تو پی ٹی آئی سے اتحاد کا سوچا جاسکتا ہے، پیپلزپارٹی اپنے انتخابی نشان پر ہرحلقے میں الیکشن لڑے گی۔

انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو کا روٹی کپڑا مکان کا وعدہ تھا، وہ وعدہ ہم پورا کرنے جا رہے ہیں، جیکب آباد دنیا کا گرم ترین مقام ہے، ہم اپنے انفراسٹرکچر اور زراعت میں سرمایہ کاری کریں گے، موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر ہمیں اپنے پورے نظام کو تبدیل کرنا پڑے گا، جس پروگرام کیلئے میں پرامید ہوں وہ اپنا مکان اپنا زمین ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کو پکا گھر بنا کردیں گے، الیکشن کیلئے صرف ایک جماعت ہروقت تیاری رہتی ہے، پنجاب میں سیلاب آیا لیکن میڈیا اور کسی سیاستدان کو نظر نہیں آیا، جب وزیرخارجہ تھا تو ہر فورم پر فلسطین کے عوام کی آواز اٹھائی، موجودہ صورتحال پر صرف اتنا ہی کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ سے فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، جو بھی ہم سے ہوسکا کریں گے، یہ صرف پیپلزپارٹی ہی نہیں ہر پاکستانی کی سوچ ہے۔ میں نے بھارت کی زمین پر جاکر کشمیری عوام کی نمائندگی کرنے کی کوشش کی۔جمہوری سیاستدان یہی کہیں گے مسائل کا حل الیکشن ہیں، جمہوریت پسند سیاسی جماعتیں ہرمسئلے کا حل الیکشن میں دیکھتے ہیں۔ عوام کو ووٹ کے حق کا موقع ملنا چاہیے۔ جو بھی حکومت میں آئے گا ان کو عوام کی نمائندگی کرنے میں آسانی ہوگی، جب منتخب ہوگی تو مشکلات نہیں ہوں گی، میرا نہیں خیال کہ مولانا فضل الرحمان جیسا سیاستدان جوایم آرڈی، اے آرڈی کا حصہ رہے ، وہ الیکشن کے خلاف کوئی بیان نہیں دیں گے، ہم سب جمہوری جماعتیں ہیں ہم ہمیشہ الیکشن کیلئے تیار رہتے ہیں۔

شکر ہے خواجہ آصف بھی آج نظر آئے، مسلم لیگ ن کا سارا بوجھ شریف فیملی کو نہیں اٹھانا چاہیئے، نوازشریف اتنے عرصے بعد پاکستان آرہے ہیں، میں توان کے استقبال کی تیاریوں سے مطمئن نہیں ، محترمہ بے نظیر بھٹو جب واپس آرہی تھیں تو اعلان سے لے کر واپسی تک جشن کا سماں تھا۔ پورے ملک میں ہر گلی میں پیپلزپارٹی کے پرچم تھے۔مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ، نگران حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے۔ الیکشن ہونے چاہئیں، چاہتے پیپلزپارٹی یا ن لیگ جیتے، جو بھی جیتے الیکشن کرائے جائیں تاکہ عوام کو مہنگائی میں ریلیف دیا جاسکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close