ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کتنے فیصد بڑھ گئی؟ سرکاری ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد(آئی این پی) ملک میں مہنگائی کی شرح میں0.02 فیصد کی معمولی کمی کے بعد پھر سے گرانی میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔ حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.11فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران ملک میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی، اور 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح 37.07 فیصد ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایک ہفتے میں پیاز کی فی کلو قیمت میں11.96 فیصد، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں12.45فیصد،آلو کی قیمت میں1.81 فیصد، جبکہ لہسن کی فی کلو گرام قیمت میں2.59 فیصد اضافہ ہوا۔اسی طرح انڈے0.84 فیصد ،بریڈ0.52 فیصد،ایل پی جی3.11 فیصد اور آگ جلانے والی لکڑی کی قیمت میں0.76 فیصد، چکن 2.78فیصد،ڈیزل 3.33 فیصد اور پٹرول کی قیمت میں2.40 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔دال مسور کی قیمت میں1.80 فیصد ،دال چنا 1.73 فیصد،گڑ1.14 فیصد ،دال مونگ0.58 فیصد،دال ماش0.33 فیصد ،ویجی ٹیبل گھی0.20 فیصد اور آٹے کی قیمت میں0.32 فیصد کمی واقع ہوئی۔ادارہ شماریات نے رپورٹ میں بتایا کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح میں35.21فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح میں38.08فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح میں37.56فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 36.68فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح بڑھ کر 33.35فیصد ہوگئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں