لاہور (پی این آئی) ملک کے ڈالرز ذخائر پھر سے تیزی سے کم ہونے لگے، صرف ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ ذخائر میں بڑی کمی ہو گئی، اسٹیٹ بینک نے رپورٹ جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران ملکی ذخائرز سے کروڑوں ڈالرز کا اخراج ہوا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق گذشتہ ہفتے 13 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی کمی سے ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 13 ارب 3 کروڑ 8 لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئے۔ پچھلے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 2 کروڑ 13 لاکھ ڈالرز کی کمی ہوئی جس کے بعد سرکاری ذخائر 7 ارب 61 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 10 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ان کے مجموعی ذخائر کی مالییت 5 ارب 41 کروڑ 54 لاکھ ڈالرز رہ گئی۔دوسری جانب ملکی کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے نے ڈالر کی کمر توڑنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ مسلسل ایک ماہ سے سستا ہونے والا ڈالر جمعرات کے روز مزید سستا ہو گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر مزید 1 روپے 8 پیسے سستا ہونے کے بعد 283 روپے 60 پیسے کا ہو گیا۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 284 روپے 68 پیسے کا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 5 ستمبر کو انٹر بینک میں ڈالر 307 روپے 10 پیسے کا تھا، انٹر بینک میں ڈالر گزشتہ 1 ماہ میں 23 روپے 50 پیسے کم ہوا ہے۔ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپیہ سستا ہوکر 284 روپے کا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر گزشتہ ایک ماہ کے دوران 44 روپے سے زائد سستا ہو چکا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں