ڈالر 42روپے سستا، امریکی کرنسی دھڑام سے نیچے آگئی

لاہور (پی این آئی) ڈالر کی قیمت کئی ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی، مسلسل 20 ویں دن روپے کی قدر میں اضافے کی وجہ سے امریکی کرنسی کی قیمت 42 روپے کم ہو چکی۔

 

 

تفصیلات کے مطابق پاکستانی روپے کی تگڑی کم بیک اننگ منگل کے روز بھی جاری رہی جس کی وجہ سے مسلسل 20 ویں دن ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت دس ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ڈالر کے انٹربینک ریٹ 286 روپے سے نیچے آگئے جبکہ اوپن ریٹ گھٹ کر 286 روپے کی سطح پر آگیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر ایک روپے 23 پیسے کی کمی سے 285 روپے 53 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن وقفے وقفے سے درآمدی نوعیت کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک روپے 4 پیسے کی کمی سے 285 روپے 72 پیسے کی سطح پر بند ہوئے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50 پیسے کی کمی سے 286 روپے روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

 

 

ایکس چینج کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ اگر ریگولیٹر ڈالر کی خریداری سرگرمیاں نہ کرتا تو آج ڈالر 250 یا 260 روپے کی سطح پر آچکا ہوتا۔ یکم ستمبر سے اب تک ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں مجموعی طور پر 19 روپے 74 پیسے کی کمی واقع ہوئی جبکہ اوپن ریٹ میں مجموعی طور پر 42 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کریک ڈاون کی وجہ سے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے، حوالہ ہنڈی والے اور ایکسپورٹرز اب اپنے ڈالر مارکیٹ میں فروخت کر رہے ہیں۔ مارکیٹ میں ڈالر کی طلب کے مقابلے میں فروخت زیادہ ہے، اسی باعث روپیہ تگڑا اور ڈالر مسلسل کمزور ہو رہا ہے۔ کرنسی مارکیٹ سے وابستہ افراد کے مطابق آنے والے دنوں میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close