سستے تیل کا ایک اور کارگو پاکستان پہنچ گیا

کراچی (پی این آئی) روس سے خام تیل کا ایک اور کارگو پاکستان پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق روس سے ایک لاکھ میٹرک ٹن خام تیل کا دوسرا کارگو پاکستان پہنچ گیا۔

 

 

 

ذرائع کے مطابق روس سے دوسرا خام تیل کا کارگو پاکستانی ریفائنری سنر جیکو نے درآمد کیا، خام تیل کو ایس پی ایم کے ذریعے گہرے سمندر میں آف لوڈ کیا گیا، سنرجیکو نجی شعبے میں روس سے خام تیل درآمد کرنے والی پہلی کمپنی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے اس سے قبل روس سے ایک لاکھ ٹن خام تیل کا آرڈر دیا تھا، روس سے خام تیل کا پہلا کارگو اپریل میں پاکستان پہنچا تھا، پاکستان ریفائنری لمیٹیڈ نے روسی خام تیل کا پہلا کارگو حاصل کیا تھا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی جانب سے تیل کی خریداری کیلئے روس سے طویل مدتی معاہدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے روس 60 ڈالر فی بیرل قیمت کی حد کے اندر رہتے ہوئے تیل کا طویل مدتی معاہدہ کرے، پاکستانی وفد اس مقصد کے لیے 10اکتوبر کو روس روانہ ہوگا۔پاکستان نے حالیہ مذاکرات میں زیادہ رعایت کا مطالبہ کیا لیکن روس 8 ڈالر فی بیرل سے زیادہ دینے کیلئے تیار نہیں تھا۔

 

 

اب پاکستانی فریق نے نیا فارمولا تیار کیا ہے کہ روسی خام تیل 60 ڈالر فی بیرل قیمت کی حد پر برآمد کرے۔ امریکہ نے پہلے ہی اشارہ دیا تھا کہ وہ پاکستان کو روس سے خام تیل درآمد کرنے کی اجازت دے گا لیکن ایک حد کے ساتھ جس کا اعلان جی 7 ممالک کیلئے کیا گیا تھا۔ یورپی یونین، جی 7 ممالک اور آسٹریلیا نے گزشتہ دسمبر میں روسی تیل کی قیمت کی حد 60 ڈالر فی بیرل مقرر کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں