عمران خان کی جان کو خطرات لاحق ہیں، قانونی مشیر کا عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی قانونی ٹیم کے رکن شعیب شاہین نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں حاصل سہولیات سے متعلق باتیں جھوٹ ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شعیب شاہین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں بی کلاس ملنے کی باتیں جھوٹ ہیں، عمران خان کو ایک چھوٹے سیل میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیاکہ عمران خان کی جان کو خطرات لاحق ہیں،

ان پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ہے، پتا چلا ہے کہ اڈیالہ میں سابق وزیراعظم کے لیے کوئی منصوبہ بنایا جاسکتا ہے۔شعیب شاہین نے مزید کہا کہ ہم اس سلسلے میں عدالت عالیہ اور عدالت عظمی سے رجوع کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ سائفر کیس میں چالان جمع ہوگیا ہے لیکن ہمیں تاحال کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔پی ٹی آئی قانونی ٹیم کے رکن نے یہ بھی کہا کہ وارنٹ پر دستخط نہیں ہوئے تھے، لاہور پولیس گرفتار کرنے پہنچ گئی تھی، سائفر کیس میں ضمانت کا فیصلہ ہوچکا،

لیکن روبکار بھیج دی گئی۔انہوں نے کہا کہ نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے متضاد بیانات پر تشویش ہے، اب بھی چیف جسٹس سے مطالبہ ہے سائفر پر آزاد کمیشن بنایا جائے۔شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکیورٹی کے 2 اجلاس ہوئے جس پر امریکا کے سامنے احتجاج کا فیصلہ ہوا، سائفر کا کیس آج بھی حل طلب ہے، رانا ثنا اللہ نے جعلی مقدمہ درج کرایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close