ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی کے بعد سونے کی قیمتیں بھی کریش کر گئیں

لاہور (پی این آئی) ڈالر کی طرح سونے کی قیمت بھی کریش کر گئی، بدھ کے روز سونا ہزاروں روپے سستا ہو گیا، فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ روپے کی سطح سے جلد نیچے آ جانے کا امکان۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت مزید گراوٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت 3100 روپے گھٹ گئے اور فی تولہ قیمت 2 لاکھ 5 ہزار 600روپے کی سطح سے کم ہوکر2لاکھ2ہزار500 روپے رہ گئی ۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آ جائے گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل تک ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت سوا 2 لاکھ روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی تھی۔ کچھ روز قبل فی تولہ سونا 2 لاکھ 30 ہزار روپے سے بھی زائد قیمت پر ٹریڈ ہوتا رہا، تاہم اب سونے کی قیمت میں تقریباً 30 ہزار روپے تک کی کمی آ چکی۔دوسری جانب پاکستانی روپے کا تگڑا کم بیک ہوا ہے، ڈالر کی قیمت کئی ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1 روپے 5 پیسے کی کمی سے 288 روپے 75 پیسے کی سطح پر آ گئی۔ جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر ایک روپے کی کمی سے 290 روپے پر بند ہوئی، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کے درمیان فرق صفر اعشاریہ 43 فیصد یا 1 روپے 25 پیسے کا رہ گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کرنسی سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کے سبب بدھ کو 17ویں دن بھی ڈالر مسلسل بیک فٹ پر رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 47 دن کے کم ترین 289 روپے سے نیچے آگئے جب کہ اوپن ریٹ بھی 78 دن کی کم ترین سطح 290 روپے پر آگئے۔ یہاں واضح رہے کہ چند روز قبل تک ڈالر کی قیمت میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 305 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی تھی، جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 330 روپے سے بھی اوپر چلا گیا تھا۔ بعد ازاں کرنسی سمگلنگ کیخلاف شروع کیے گئے کریک ڈاون کے نتیجے میں چند ہی ہفتوں میں اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 40 روپے سستا ہو چکا ہے۔ جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 16 روپے سے زائد کی کمی ہو چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close