تحریک انصاف کے سینئر رہنما کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد (پی این آئی ) عدالت نے متنازع ٹویٹس کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اعظم سواتی کے دائمی وارنٹ جاری کردیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے اعظم سواتی کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

متنازع ٹویٹس کرنے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماء کے دائمی وارنٹ اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کیے۔بتایا گیا ہے کہ عدالت نے کہیں بھی نظر آنے پر ایف آئی اے کو اعظم سواتی کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے، یہ فیصلہ اسپیشل جج سینٹرل کی جانب سے اعظم سواتی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیے جانے کے بعد سامنے آیا، اعظم سواتی پر سرکاری افسران کے خلاف متنازع ٹویٹس کرنے پر مقدمہ درج ہے۔ادھر سینیٹر و سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف اعظم سواتی نے کہا ہے کہ “چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق آپ کو میں نے خطوط لکھے، ویڈیو پیغام بھیجا، چیف جسٹس عامر فاروق اپنی روش اور فیصلوں سے انصاف کا قتل کر رہے ہیں، عامر فاروق ملزم کو سزا ہونے سے پہلے سزا دے رہے ہیں، عامر فاروق تمام اعلی عدالتوں کے فیصلوں کے باوجود اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں، آپ ڈیکٹیر شپ کو تقویت فراہم کر رہے ہیں۔

بحیثیت سینیٹر اور ممبر پارلیمانی کمیٹی اور سابق چیئرمین پارلیمانی کمیٹی کے آپکے خلاف ریفرنس لانے کے علاوہ میرے پاس دوسرا راستہ نہیں”۔انہوں نے کہا کہ “دستور اور قانون کی بالادستی اور حکمرانی کے لیے پاکستان کے تمام وکلاء سے گزارش کرتا ہوں، تمام وکلاء چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کے خلاف پاکستان کے دستور 209 کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کریں تا کہ انصاف کو عدالتوں کا حصہ بنایا جاسکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close