ملک میں ایمرجنسی یا مارشل لاء لگانا پڑے گا، سینئر سیاستدان بول پڑے

کراچی (پی این آئی) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ انتخابات فروری سے آگے گئے تو ملک میں ایمرجنسی یا مارشل لاء لگانا پڑے گا۔

انہوں نےکہا کہ پہلی ترجیح انتخابات کا انعقاد ہونا چاہئے، انتخابات میں تاخیر سے آئین کی خلاف ورزی ہوگی، تاخیر ہوئی تو بند گلی میں داخل ہوجائیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہئے، اس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، لیکن الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ پر ابہام پیدا کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے شکوک وشبہات پیدا کردیے ہیں۔ نواز شریف کی واپسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیماری کی حالت میں بیرون ملک گئے تھے، ان کا اب بھی علاج جاری ہے، شاید نواز شریف کی طبیعت پھر بگڑ جائے اور وہ نہ آسکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیانیہ ہے کہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے، پیپلز پارٹی نے کبھی کسی سے انتقام نہیں لیا، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کو ہی اپنا انتقام بنایا، احتساب کرانا اچھا ہے لیکن پہلی ترجیح معیشت ہونی چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ ن لیگ کے ارکان نگراں حکومت کا حصہ ہیں، ن لیگ اب انتخابات پر دھاندلی کا الزام نہیں لگا سکتی، ن لیگ کو مشورہ دیا کہ اپنے لوگ نگراں حکومت سے نکالیں، تمام جماعتوں کولیول پلئینگ فیلڈ ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے27 اکتوبر کے بعد الیکشن کی تاریخ کااعلان ہوجائے گا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نااہل ہوگئے تو بھی الیکشن ہوسکتے ہیں، کسی کو سزا ہو جائے تو وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا، ان کی پارٹی الیکشن میں حصہ لے سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نےالیکشن کا بائیکاٹ کیا تو بڑی غلطی ہوگی، 1985 کے انتخابات کے بائیکاٹ کا پیپلز پارٹی کو بڑا نقصان ہوا۔

انہوں نے کہاکہ ترقیاتی اسکیمیں اس وقت صرف پنجاب اور خیبرپختونخوا میں چل رہی ہیں، یہ زیادتی ہے کہ نگراں حکومت آتے ہی سندھ میں ترقیاتی کام روک دئیے گئے۔پی پی رہنما نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ اس لیے ن لیگ سے مانگ رہے ہیں کہ ان کے 7سینئر اور ایکٹیو ممبر بیوروکریسی میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو شہید ہوئے ہم نے کہاکہ پہلے جمہوریت چاہیے، بینظیر بھٹو شہید ہوئیں، ہم نے کہا کہ جمہوریت کی شکل میں انتقام چاہیے۔خورشید شاہ نے کہاکہ ہمارا نعرہ وہی ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، معیشت کو بہتر کرنا چاہیے، ہمارے پاس سسٹم موجود ہے سال میں مہنگائی کم ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو علم ہے کہ مہنگائی کیسے روکی جاتی ہے عوام کو کیسے ریلیف دیا جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close