اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری کی اہلیہ نے شہباز گل کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیسی وفاداری ہے؟ عمران خان اقتدار میں تو آپ امریکا سے اسلام آباد آگئے، وہ جیل گئے تو آپ امریکا پہنچ گئے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ وفاداری ہوتی تو آپ آج اٹک جیل کے باہر کھڑے ہوتے۔امریکا میں بیٹھ کر وفاداری دکھانا تو بہت آسان ہے۔ واضح رہے کہ شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ برے وقت میں خان کو چھوڑنے کا تو تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، وفاداری کا پتہ ہی برے وقت میں لگتا ہے۔ شہباز گل کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر دیے گئے اس بیان پر فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے جواب دیا ہے۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اٹک جیل میں قید ہیں۔گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی تھی، جسے سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔ عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے عدالت سے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی۔ انہوں نے درخواست میں کہا کہ استغاثہ نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا اور مجھے بدنیتی سے اس من گھڑت مقدمے میں نامزد کیا ، 14 ستمبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے بے ضابطگیوں و استغاثہ کے متعدد تضادات کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس فاروق پیر کو درخواست کی سماعت کریں گے۔ یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ ہمیں اس بات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ یہ ایک ٹاپ سیکرٹ کیس ہے اور عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف ناقابل تردید شواہد کیس سے تعلق ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں، ملزمان آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سیکشن 5 اور 9 اور ناقابل ضمانت دفعات کے بظاہر جرم کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں