کراچی(آئی این پی)انڈونیشیا کی سرکاری ائیر لائن کا اے ٹی آر طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے کراچی ائیرپورٹ پر پچھلے 50 روز سے پھنسا ہوا ہے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گرودا انڈونیشیا انٹرنیشنل ائیر لائن کا اے ٹی آر 600-72 طیارہ 50 روز سے کراچی میں موجود ہے، رجسٹریشن PK-GAD کا حامل طیارہ 26 جولائی کو سری لنکا کے متلا راجا پاکسا ائیرپورٹ ہمبنٹوٹا سے کراچی پہنچا تھا، طیارے نے کراچی ائیرپورٹ پر ری فیولنگ کے بعد متحدہ عرب امارات جانا تھا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے ٹیک آف سے قبل طیارے کے انجن میں فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی، انجن کی مرمت کے بعد طیارے نے 19 اگست کو صبح 10 بجکر 25 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ سے ٹیسٹ فلائٹ کی مگر نقص دور نہ ہوسکا۔ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق21 منٹ کی ٹیسٹ پرواز کے بعد طیارہ واپس کراچی اتر گیا تھا اور اس روز طیارے کی مرمت پاکستانی انجینئرز کے ذمے عائد کردی گئی تھی لیکن مالی بحران کی وجہ سے پاکستانی انجینئر طیارے کی تاحال مرمت نہ کرسکے جب کہ 9 سال پرانا طیارہ کراچی چھوڑ کر عملے کے ارکان انڈونیشیا روانہ ہوگئے تھے۔فنی خرابی دور نہ ہونے کی وجہ سے طیارہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر موجود ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں