ن لیگ کا آئندہ انتخابات میں سیاسی اتحاد سے متعلق بڑا فیصلہ

لندن (پی این آئی) مسلم لیگ ن نے آئندہ انتخابات میں کسی بھی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں ہونے والے مسلم لیگ ن کے اعلٰی سطح اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

 

 

شہباز شریف نے نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے 21 اکتوبر کی تاریخ کی تجویز دی،شہباز شریف کی تجویز سے سب نے اتفاق کیا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ لیگی قیادت نے آئندہ انتخابات میں کسی بھی جماعت سے قومی و صوبائی سطح پر اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا،مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا کہ پنجاب میں تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کئے جائیں گے۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی سے مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں آئی پی پی سے بھی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختو نخوا اور بلوچستان میں مختلف سیاسی جماعتوں سے مقامی سطح پر اتحاد کا فیصلہ کیا گیا،بلوچستان میں بی اے پی اور دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ جے یو آئی ف سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے،جبکہ اے این پی سمیت دیگر ہم خیالوں جماعتوں سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔

 

 

 

ذرائع کے مطابق آئندہ الیکشن میں انتخابی مہم کی قیادت نواز شریف کریں گے۔ شہباز شریف،حمزہ شہباز اور مریم نواز بھی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا اجلاس لندن میں ہوا۔ اجلاس میں شہبازشریف، سلیمان شہباز اور حسن نواز بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں الیکشن سے متعلق حکمت عملی اور نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ پر غور کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں