’’کیئر ٹیکر‘‘ اقتدار کو ’’ٹیک اوور‘‘ کرنا چاہتے ہیں، ’’کاکڑ‘‘ کو ’’ کس فارمولے کے تحت لایا گیا ، حافظ حسین احمد کا دعوی

اسلام آباد(پی این آئی) جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول ادھوری بات نہ کریں نام لیکر بتائیں کہ کون الیکشن سے بھاگ رہا ہے؟ حالانکہ الیکشن کے التوا کی بات تو زرداری نے کی ہے، بلاول دبے لفظوں میں اپنے والد کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں، ماضی میں جن کا بیانیہ ’’جو ڈٹ گیا وہ مرگیا‘‘ تھا آج ان کو ’’جو ڈر گیا وہ مرگیا‘‘ کا بیانیہ اپنانے پر خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگر واقعی انتخابات چاہتی ہے تو آگے آئے سیاسی جماعتیں ان کے ساتھ ہیں۔جے یو آئی رہنما نے کہا کہ آئین کے مطابق وقت پر انتخابات کرانے کا مطالبہ تمام سیاسی جماعتیں کررہی ہیں البتہ آصف زرداری نے انتخابات میں تاخیر کی بات کرکے سیاسی لوگوں کو مایوس کیا۔ حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ ’’کیئر ٹیکر‘‘ اقتدار کو ’’ٹیک اوور‘‘ کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ انتخابات کرانے کے لیے آئے نگران انتخابات سے راہ فرار اختیار کئے ہوئے ہیں لگتا ہے کہ

’’کاکڑ‘‘ کو ’’ کاکڑ فارمولا‘‘ کے تحت لایا گیا ہے اس لیے نگران حکومت انتخابات کب اور کیسے کرائیں جائیں اس پر بات کرنا ہی پسند نہیں کررہی ۔ انہوں نے کہا کہ خراب معاشی حالات کا بہانا بنا کر انتخابات میں تاخیر کی گئی تو معاشی حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں قوم کو آگاہ کیا جائے کہ انتخابات میں تاخیر کس کی خواہش پر کی جارہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں