وزیراعظم آزاد کشمیر سے پریس کلب راولاکوٹ کے صدر کی قیادت میں وفد کی ملاقات، پونچھ کے لوگوں سے قلبی تعلق ہے، جلد راولاکوٹ کا دورہ کر کے میگا پراجیکٹس کا اعلان کرونگا

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادکشمیر سے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے صدر سردار راشد نذیر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وفد میں سردار عابد صدیق سابق صدر پریس کلب، سردار عبدالرزاق خان سابق صدر پریس کلب۔ساجد محمود انور ڈپٹی سیکرٹری جنرل شامل تھے۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفد سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ آزادی صحافت پر یقین رکھتا ہوں، صحافیوں نے عوام کے مسائل اجاگر کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے پریس فاؤنڈیشن کے کردار کو مزید فعال بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کے لوگوں سے قلبی تعلق ہے،جلد راولاکوٹ کا دورہ کرونگا اور میگا پراجیکٹس کا اعلان کرونگا۔ پونچھ کے لوگوں کا احساس محرومی ختم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ پریس کلب راولاکوٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ راولاکوٹ کے صحافیوں کے لیے جرنلسٹس کالونی کیلیے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات پونچھ ڈویژن کے ڈائریکٹوریٹ کو فعال بنایا جائے گا،وزیراعظم نے چھوٹا گلہ چڑیاگھر کو فوری شہریوں کے لیے کھولنے اور تمام کا کام مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پونچھ پیکج کے تحت دی گی پوسٹوں پر ایک ہفتہ میں تمام آفیسران کو تعینات کر دیا جاے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں پر کوئی اضافہ نہیں کیا جاے گا پرانے ٹیرف پر ہی اگلے ماہ بھی بل جاری کیے جائیں گے۔ آٹے پر حکومت پہلے ہی سبسڈی دے رہی ہے جو جاری رہے گی۔وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور گڈ گورننس کے حوالے سے ان کے اقدامات کو سراہا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں