اسلام آباد(پی این آئی) پنجاب کے 1000 سرکاری سکولوں کا انتظام و انصرام مسلم ہینڈز پاکستان کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے مسلم ہینڈز پاکستان کے 6 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ مسلم ہینڈز پاکستان کے چیئرمین سید لخت حسنین نے فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی نگران وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو مسلم ہینڈز پاکستان سے قواعد و ضوابط طے کرنے کی ہدایت کر دی گئی ۔
ایک ہفتے کے اندر حکومت پنجاب اور مسلم ہینڈز پاکستان کے درمیان ایم او یو کے حوالے سے امور طے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یتیم خانوں اور دارالامان کے انتظامات بھی مسلم ہینڈز پاکستان کے سپرد کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ نیو نیوز کے مطابق نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نجی شعبے اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے سرکاری سکولوں کا معیار تعلیم بلند ہو گا۔مسلم ہینڈز پاکستان کے تعاون سے بڑے ہسپتالوں کے ایمرجنسی کو اپ گریڈ کرنے پر غور کیا جائے گا۔تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے نجی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
محسن نقوی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مسلم ہینڈز پاکستان پنجاب میں 117 سکول چلا رہی ہے۔جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہیلتھ اور ایجوکیشن کے ویلفیئر پراجیکٹس چلائے جا رہے ہیں ۔نوجوانوں کو خود انحصاری کی طرف گامزن کرنے کے لئے مارکیٹ بیسڈ آئی ٹی سکلز کا اہتمام کیا گیا ہے ۔پنجاب میں 18 سکول آف ایکسی لینس اور 35 ماڈل سکول چلائے جا رہے ہیں ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں