پنشنرز کیلئے اب تک کی سب سے بڑی خوشخبری آگئی

لاہور (پی این آئی) ای او بی آئی پنشن میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا، کم از کم پنشن 8500 روپے وصول کرنے والے تمام بزرگ پنشنرز اب یکم جولائی 2023 سے کم از کم 10 ہزار روپے ماہانہ پنشن وصول کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ حکومت کی جانب سے جون میں کیے گئے ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کے اعلان پر عملدرآمد کا انتظار کرنے والے بزرگ پنشنرز کو خوشخبری سنا دی گئی ہے۔ وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل حکومت پاکستان کی جانب 17 اگست 2023 کو ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اب 25 اگست کو حکومت پاکستان کے دی گزٹ آف پاکستان میں بھی پنشن میں اضافہ کا نوٹیفکیشن شائع ہوگیا ہے اور اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ای او بی آئی کے آپریشنز ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) نے بھی 6 ستمبر 2023 کو پنشن کی شرح میں اضافہ کا باقاعدہ سرکلر جاری کردیا ہے ۔ ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان کے مطابق اس سرکلر میں دی گئی تفصیلات کے مطابق کم از کم پنشن 8,500 روپے وصول کرنے والے تمام بزرگ پنشنرز اب یکم جولائی 2023 سے کم از کم 10,000 روپے ماہانہ پنشن وصول کریں گے۔

30 جون 2023 تک فارمولا پنشن وصول کرنے والے تمام پنشنرز یکم جولائی سے اپنی پنشن کی موجودہ شرح کے مطابق 17 فیصد اضافہ کے ساتھ پنشن وصول کریں گے ۔ یکم جولائی 2023 تک منظور ہونے والی فارمولا پنشن پر اضافہ کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ تاہم یہ پنشنرز شیڈول کے مطابق فارمولا پنشن حاصل کریں گے۔ تخفیفی پنشن وصول کرنے والے تمام پنشنرز ہر مکمل ماہ کے ڈیڑھ فیصد کی کٹوتی کے ساتھ کم از کم پنشن 10,00 روپے وصول کریں گے۔30 جون 2023 تک منظور کی گئی تمام تخفیفی فارمولا پنشن وصول کرنے والے اپنی موجودہ شرح پنشن کے مطابق 17 فیصد کے اضافہ کے ساتھ اپنی پنشن وصول کرسکیں گے ۔ واضح رہے کہ ای او بی آئی کی پنشن کا آغاز 1983 میں 75 روپے ماہانہ سے ہوا تھا اور جب سے پنشن میں یہ 20 ویں مرتبہ اضافہ ہے ۔ اضافہ شدہ پنشن سے ملک بھر میں ای او بی آئی کے 4 لاکھ سے زائد بزرگ پنشنرز کو فائدہ پہنچے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اضافہ شدہ پنشن پچھلے دو ماہ کے بقایاجات کے ساتھ ماہ اکتوبر میں ادا کی جائی گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں