اب کسی کو مفت بجلی نہیں ملے گی، نگران وزیراعظم کا بڑا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں پر صارفین کے لیے جلد ریلیف کا اعلان کریں گے۔ سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ تمام اداروں سے پوچھا ہے کہ کتنی بجلی مفت استعمال کرتے ہیں۔

اب انہیں بھی بجلی کے بل دینا ہوں گے۔آئی پی پیز، لائن لاسز اور چوری کی وجہ سے بجلی مہنگی ہے۔انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اس وقت کوئی بحران نہیں ہے۔ منصوبہ بندی کے تحت بے یقینی اور مایوسی پھیلائی جا رہی ہے۔ حالات مشکل ہیں لیکن ہم سرخرو ہوں گے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر نگران حکومت عملدرآمد کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کا معاملہ آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر دیکھ رہے ہیں۔ فوج میں کوئی مفت بجلی استعمال نہیں کر رہا۔ وہ دفاعی بجٹ سے ادائیگی کر رہے ہیں۔ مہنگائی ضرور ہے لیکن اتنی نہیں کہ پہیہ جام ہڑتال ہو۔ ہمیں معاشی اور سکیورٹی کے مسائل کا سامنا ہے۔ انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہوں گے، تاہم الیکشن کرانے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں