مہنگائی کے ستائے شہریوں کیلئے ایک اور بُری خبر، عالمی مارکیٹ میں تیل قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا

لاہور (پی این آئی) مہنگائی کے بوجھ تلے دب جانے والے پاکستانیوں کیلئے ایک اور بری خبر، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں، برطانوی خام تیل کی قیمت ساڑھے 85 ڈالرز فی بیرل کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 31 سینٹس اضافہ کے بعد قیمت 85.80 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔جبکہ امریکی خام تیل 38 سینٹس یا 0.47 فیصد اضافے کے ساتھ 81.54 ڈالر پر پہنچ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہونے کی وجہ سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ملک میں تاریخی مہنگائی اور ناقابل برداشت، بھاری بھرکم بجلی کے بلوں سے پریشان عوام پر آئندہ چند روز کے دوران مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔یکم ستمبر سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگو لیٹری اتھارٹی یکم ستمبر سے 15 ستمبر تک کیلئے پٹرول کی قیمت میں 10روپے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر اضافہ تجویز کرے گی۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہونے اور پاکستان میں روپے کی قدر میں مزید گراوٹ کی وجہ سے 31 اگست کو پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا قوی امکان ہے۔امریکی ڈالرکی بڑھتی ہوئی قیمت نے پاکستان کے لیے درآمد ہونے والی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس کا اثر صارفین پر پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 2 روپے اضافے کی تجویز ہے، مٹی کے تیل اور پٹرول پر لیوی برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔ جبکہ آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے بھی پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے کا فیصلہ متوقع ہے۔ یوں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول کی قیمت 300 روپے سے زائد ہو جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں