نگران وفاقی کابینہ کا انتخابات کی تاریخ سے کوئی تعلق نہیں، الیکشن کمیشن جو تاریخ دے گا اس میں معاونت کریں گے، وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے واضح کر دیا

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران وفاقی کابینہ کا انتخابات کی تاریخ سے کوئی تعلق نہیں، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، الیکشن کمیشن جو بھی تاریخ دے گا اس میں معاونت کریں گے، ہماری قانونی و آئینی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کمیشن کو آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام وسائل فراہم کریں۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں مردم شماری کی منظوری دی گئی، اگر یہ نوٹیفائی نہیں ہوتی تو حلقہ بندیوں پر معاملہ بھی نہ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں، الیکشن کمیشن جو بھی تاریخ دے گا ہم اس میں معاونت کریں گے، یہ ہماری آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کمیشن کو تمام وسائل فراہم کریں اور ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کرانے کا پورا نظام الاوقات جاری کیا ہے، الیکشن ایکٹ کے تحت تمام جماعتوں کو 54 دن دینا ہوتے ہیں، اس کے برعکس بھی فیصلہ کرنے کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، کسی اور کا یہ اختیار نہیں۔ بجلی کے بلوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں آج کچھ تجاویز زیر غور آئیں جن میں سے کچھ پر فیصلے کئے ہیں، کچھ ایسے فیصلے ہیں جن پر عمل درآمد کے لئے آئی ایم ایف کو آن بورڈ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر آئی ایم ایف سے رابطے میں ہیں، پرائمری سرپلس اور سرکلر ڈیٹ کو متاثر کئے بغیر کچھ فیصلے کر رہے ہیں، چند گھنٹے میں آئی ایم ایف کو آن بورڈ لے کر بجلی بلز سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ جس حالت میں ہمیں حکومت ملی ہے اس سے بہتر حالت میں دے کر جائیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں