آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے وزراء حکومت میاں عبدالوحید، سردار جاوید ایوب اور چوہدری محمد رشید کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت

اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے وزراء حکومت میاں عبدالوحید،سردار جاوید ایوب اور چوہدری محمد رشید نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فاریسٹ آرڈیننس کے اجراء کے بعد نیلم،جہلم اور دیگر برفانی سرد علاقوں کے عوام میں بالن اور عمارتی لکڑی کے حوالہ سے پائی جانے والی بے چینی پر وزراء حکومت نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفننگ دی۔ملاقات کے دوران یہ فیصلہ ہوا کہ نیلم ویلی،جہلم ویلی اور حویلی سمیت تمام سرحدی برفانی سرد علاقوں کے عوام کو بالن کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی،حکومت صرف سبز درختوں کی کٹائی پر موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پابندی کی خواہاں ہے،باقی انسانی جانوں کی بقاء پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

وزیراعظم نے وزراء حکومت کو یقین دہانی کروائی کہ ہمارے لئے ریاست کے تمام شہریوں کے بنیادی حقوق اور آسائشیں مقدم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص برفانی علاقوں کے عوام کو کسی ایسے قانون کی زد میں نہیں آنے دیا جائے گا جس سے انسانی زندگی کی بقاء متاثر ہو۔وزیراعظم نے سیکرٹری جنگلات کو فوری طور پر ہدایات جاری کرتے ہوے کہا کہ عوام کے اندر پیدا ہونے والی بے چینی کا فوری خاتمے کرنے کیلیے بالن اور عمارتی لکڑی کی فراہمی کو فوری یقینی بنایا جائے اور فاریسٹ آرڈیننس کی غلط تشریح کرنے والے سرکاری آفیسران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے،حکومت کوئی ایسا عوام دشمن /عوام مخالف قانون نہیں بنائے گی جس سے لوگوں کو ڈوگرہ دور سے حاصل مراعات چھین لی جائیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close