آفیشل سیکرٹ، آرمی ایکٹ میں ترامیم، پی ٹی آئی کا عدالتِ عظمی سے رجوع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(آئی این پی) آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے مسودوں پر صدرِمملکت کے دستخط کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے عدالتِ عظمی سے فوری رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے قومی و عدالتی سطح پر صدرِمملکت ڈاکٹر عارف علوی کے موقف کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اہم ترین قانونی مسودہ جات کی توثیق کے عمل پر صدرِمملکت کا موقف ہرلحاظ سے غیرمعمولی اور سنجیدہ ترین اقدامات کا متقاضی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ صدرِمملکت نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے ریاستی و حکومتی ڈھانچے میں گہرائی تک سرایت کئے گئے مرض کی نشاندہی کی ہے، پچھلے 16ماہ کے دوران پاکستان میں آئین سے انحراف، قانون کی پامالی، جمہوریت سے فرار اور ریاست کو شخصیات کے تابع کرنے کی رسومِ بد کو تقویت پہنچائی گئی۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پارلیمان اور الیکشن کمیشن سمیت پوری ریاستی مشینری کو آئین کی تابعداری سے ہٹا کر غیرمرئی قوتوں کے اشاروں پر چلا دیا گیا، آئین کے اہم ترین حصوں پر عملدرآمد کو یکسر منسوخ کرکے ملک کو جنگل کے قانون کی گرفت میں دیکر میڈیا و عدالتوں کو نادیدہ قوتوں کے شکنجے میں جکڑ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ایک متنازع عدالتی فیصلے کے ذریعے تیز ترین گرفتاری اور جماعت کو کچلنے کیلئے ہزاروں قائدین و کارکنان کیخلاف ننگی فسطائیت اسی سلسل ناتمام کا حصہ ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے خفیہ مراسلے (سائفر)کی اعلی سطحی تحقیقات کرنے کیلئے عدالتی کمیشن قائم کرنے کے مطالبے کا بھی پرزور اعادہ کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں