شاہ محمود قریشی اور عمر ایوب کے درمیان اختلافات کی خبریں، عمر ایوب کا اہم بیان آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبروں کی تردید کر دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پارٹی میں دراڑیں پڑنے کی خبر دینے والے نجی ٹی وی چینل کا نام لیتے ہوئے کہا کہ جیو نیوز ہمیشہ کی طرح پی ٹی آئی کے حوالے سے من گھڑت خبریں دے رہا ہے۔

 

 

عمر ایوب نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان ہمارے چیئرمین ہیں اور انشا اللہ چیئرمین رہیں گے۔ پارٹی یا کور کمیٹی میں کوئی گروپ نہیں ہے۔ عمران خان کے بنائے ہوئے فریم ورک کے مطابق فیصلہ سازی اتفاق رائے سے ہو رہی ہے۔ میں وائس چئیرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔ عمر ایوب نے مزید کہا کہ مخالفین کو مایوس کرنے کے لیے معذرت لیکن پی ٹی آئی متحد کھڑی ہے۔ جو آنے والے عام انتخابات میں اللہ کی مرضی اور عوام کی حمایت سے ہمارے مخالفین کو شکست دے گی۔انہوں نے کہا کہ مخالفین انتخابات میں ہمارا مقابلہ کرنے کی تیاری کریں۔ ۔خیال رہے کہ عمر ایوب اور شاہ محمود قریشی میں عمران خان کا جانشین بننے کےلئے کوششیں تیز ہو گئیں۔

 

 

 

رپورٹ کے مطابق کور کمیٹی کی میٹنگ کے دوران دو گروپ آمنے سامنے آگئے، سخت جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔ کور کمیٹی کی تفصیلات اور ریکارڈنگ باہر نکلنے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے ایک دوسرے کو غدار قرار دیتے ہوئے الزامات بھی عائد کیے۔اس صورتحال میں کئی اراکین کی رائے ہے کہ کور کمیٹی اجلاس میں اب سنجیدہ معاملات پر گفتگو نہیں ہو سکتی۔کور کمیٹی کے ایک ممبر نے اجلاس میں دعویٰ کیا کہ یہاں کمیٹی میٹنگ میں ایک غدار ہے۔ عمر ایوب اور شبلی فراز اجازت دیں تو پارٹی کے اندر غدار کی نشاندہی کروں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں