تازہ ترین

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات، وزیر اعظم پاکستان کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کی دعوت

اسلام آباد (پی این آئی ) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے اور کشمیری عوام کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کی ہر فورم پر مذمت کی جائے گی۔ کشمیریوں نے طویل قربانیاں دی ہیں اور اُن کی آزادی کا وقت قریب آرہا ہے۔

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی سے خطاب کی دعوت دی تاکہ وہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کر کے آر پار کشمیریوں کو ایک مثبت پیغام دیں۔ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کی دعوت قبول کر لی اور کہا کہ وہ جلد ہی آزادکشمیر کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت جہاں مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاء کیے ہوئے ہے وہاں پر خود بھارت میں بھی اقلیتوں جن میں مسلمان، عیسائی، سکھ، دلت اور دیگر شامل ہیں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے جس سے بھارت کی دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوے کی قلعی کھل گئی ہے اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آشکار ہو گیا ہے۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے آزادکشمیر میں جاری پروجیکٹس کے لئے خصوصی فنڈز جاری کرنے کی درخواست بھی کی خصوصاً دیوی گلی کیڈٹ کالج کے لئے تمام اخراجات وفاقی حکومت جاری کرے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑکے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں