عمران خان کو جیل میں سہولیات کی فراہمی کیلئے بشریٰ بی بی نے کس کو خط لکھ دیا؟ اہم خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عمران خان کو جیل میں سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ہے۔

خط میں مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کو کھانا اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کی اجازت دی جائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈاکٹر تک رسائی فراہم کی جائے، سابق وزیراعظم کوعہدے کے مطابق جیل کی کلاس فراہم کی جائے۔دوسری جانب ٹویٹر پر جاری اعلامیہ کورکمیٹی پی ٹی آئی کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں قانونی ٹیم نے عمران خان کے خلاف مقدمات میں ہونیوالی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کورکمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر 22اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت پر بھی گفتگو کی گئی۔ 22اگست کی سماعت کے نتیجے میں سزا کی معطلی اور بنیادی آئینی قانونی حقوق کی بحالی پر امید کا اظہار کیا گیا۔ کورکمیٹی کی جانب سے امریکا میں پاکستانی سفیر کے بھجوائے گئے خفیہ مراسلے اور 9مئی کے واقعات پر حقائق کے تعین اور قوم کی ان سے آگاہی کیلئے فوری طور پر اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن کی تشکیل کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا۔ کورکمیٹی نے سردار اختر مینگل کے حالیہ انٹرویو پر بھی غور کیا۔اختر مینگل کی گفتگو اور تاثرات نے ملک میں لاپتا افراد کے حوالے سے شکوک شبہات کو جنم دیا ہے۔

چودھری مونس الٰہی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ چودھری پرویزالٰہی سمیت تمام قائدین کوریاستی وحشت و بربریت کا نہایت جرات کے ساتھ مقابلہ کرنے والے قائدین کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نگران حکومت کی تشکیل کے باوجود پی ٹی آئی کے خلاف ریاستی جبر کے سلسلے میں تیزی کی مذمت کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کے خلاف جاری جبروفسطائیت مضبوط وفاق کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ پچھلے 5روز میں جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف جبر میں تیزی آئی ہے۔پی ٹی آئی کو توڑنے اور ذمہ دران کوجبراً پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں