9 مئی واقعات کے بعد گرفتار چچا کی ضمانت کیلئے ننھا بچہ اپنا پالتو مرغا بطور فیس وکیل کے پاس لے آیا

لاہور (پی این آئی) چچا کی ضمانت کیلئے بھتیجے نے وکیل کو فیس میں پالتو مرغا دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عام طور پر وکلاء کو معاوضے کے طو پر پیسے دینے کا رواج ہے۔

کسی واقعہ میں کسی ملزم نے ضمانت کرانی تو وہ اپنے وکیل کو کیس لڑنے کیلئے پیسے بطورِ فیس دیتا ہے اور وکلاء بھی اپنی فیس پیسوں میں ہی وصول کرتے ہیں لیکن بعض اوقات ایسے واقعات بھی سامنے آتے ہیں جو عوامی دلچسپی کا مرکز بن جاتے ہیں۔ ایسا ہی منفرد اور دلچسپ واقعہ لاہور میں پیش آیا جہاں محنت کش کا بھتیجا فیس نہ ہونے پر وکیل کے پاس پالتو مرغا لے آیا۔ کمسن بچے ایان نے چچا محسن عباس کی ضمانت کیلئے وکیل کو فیس میں پالتو مرغا دے دیا۔ بچہ وکیل کو مرغا دینے کے بعد روتا رہا،ایان کو چچا محسن عباس نے بیٹا بنا کر پالا۔ پتوکی سے تعلق رکھنے والے محسن عباس کو پولیس نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں گرفتار کر رکھا ہے۔ وکیل ملک پرویز نے ویڈیو بیان میں کہا کہ محسن عباس ہوٹل پر مزدوری کرتا ہے،پولیس نے 25 ہزار روپے مانگے۔ محسن عباس ایک ہفتے پولیس حراست میں رہا پھر پیسہ لیکر لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ وکیل نے مزید بتایا کہ 6 ماہ کی سی ڈی آر میں محسن کی لوکیشن کبھی بھی لاہور کی نہیں آئی۔ وکیل ملک پرویز کا کہنا تھا کہ میں نے عدالت پیشی پر محسن کو بتایا کہ وہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ہے،محسن عباس کی درخواستِ ضمانت تیار کر لی ہے،جلد دائر کر دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close